وزیراعظم محمدشہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کامستقبل باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جو اپنے جدت پرمبنی خیالات کے ذریعے مختلف شعبوں میں سبقت حاصل کررہے ہیں۔
وہ وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے زیراہتمام آج(پیر) کو اسلام آباد میں منعقدہ وزیراعظم قومی انوویشن ایوارڈزکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں پرفخرہے جوحیاتیاتی ایندھن، آٹوموبیل، ٹریفک لائٹس اورانفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی جدت پرمبنی صلاحیتوں کامظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کااظہارکیاکہ حکومت نوجوانوں کی استعدادکاراورصلاحیت کو بروئے کار لاکر پاکستان کی تقدیربدل دے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کوترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کے لئے ایک قومی ایجنڈے پربھی اتفاق کیاہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے ڈھائی سو نوجوانوں میں سے دس بہترین نوجوانوں کو فی کس دس لاکھ روپے کاانعام بھی دیا۔
اس سے پہلے نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران وزیراعظم کی بزنس لون اسکیم کے تحت باصلاحیت نوجوانوں میں تیس ارب روپے تقسیم کیئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک بھر میں دس لاکھ مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں میں لیپ ٹاپ مفت تقسیم کیئے ہیں۔
مزید پڑھیں:سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد، وزیر اعظم نے 25ارب جاری کرنیکی منظوری دیدی
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی کی صنعت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








