حکومت صحافیوں کو بہت جلد صحت انصاف کارڈ فراہم کرے گی، سینیٹر شبلی فراز

تازہ ترین

تازہ ترین

حکومت الیکشن 2023 ای وی ایم کے ذریعے کرانے کے لیے پُرعزم ہے، شبلی فراز
حکومت الیکشن 2023 ای وی ایم کے ذریعے کرانے کے لیے پُرعزم ہے، شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے،پی ڈی ایم سیاسی خود غرضی کی بدترین مثال،جہاں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں یہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے پہنچ جاتے ہیں۔

حکومت کی مشکلات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ہے، تیس سالوں کی غلطیوں کو تیس ماہ میں ٹھیک نہیں کرسکتے،مشکلات بہت زیادہ ہیں جذبے سے حل میں لگے ہوئے ہیں۔

صحافت کے ذریعے ملکی مفادات کا تحفظ عظیم فریضہ ہے،حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔جلد صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائیگا۔

وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے یہ بات نیشنل پریس کلب میں دیر بالا پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دیر بالا پریس کلب کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اسلام آباد آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیر بالاپریس کلب کا نیشنل پریس کلب کے ساتھ قریبی رابطہ اچھی بات ہے، اس سے پیشہ وارانہ صلاحتیں بہتر ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کے ذریعے ملکی مفادات کا تحفظ ایک عظیم فریضہ ہے،صحافی اپنے مقامی، علاقے مسائل کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ ملکی مفاد کے بیانئے کی ترویج کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے دور دراز علاقوں کے صحافیوں کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،حکومت جلد صحافیوں کو بھی صحت انصاف کارڈ فراہم کرے گی۔

انہوں نے دیر بالا پریس کلب کے عہدیداران کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلد دیر بالا پریس کلب کا دورہ کروں گا۔سرکاری ملازمین کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ایک مشکل دن ہے۔

سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث راستے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمین کے احتجاج ہر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا ہے،وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم دیاہے۔

اس سلسلے میں اعلی سطحی کابینہ کمیٹی بھی قائم ہے جس میں وفاقی وزرا پرویز خٹک،شیخ رشید اورعبدالحفیظ شیخ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین رکنی حکومتی کمیٹی وزیراعظم کی خواہش کے مطابق ملازمین کے مسائل کو حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے مسائل کی بنیادی وجہ سابق حکومتوں کی نااہلی اور منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیس سالوں کی غلطیوں کو تیس ماہ میں ٹھیک نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے شب و روز کی محنت سے رکاوٹوں اور عوامی مسائل کو حل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی خود غرضی کی بدترین مثال ہے،جہاں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں پی ڈی ایم پوائنٹ سکورنگ کرنے پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز، کورونا وائرس کی عالمگیر وباء کے باوجودملکی معیشت کودوبارہ بحال کیاگیا،تعمیرات،ٹیکسٹائل سمیت ہر شعبے میں بہتری آئی ہے۔

Related Posts