گرین شرٹس کی دھاک بٹھادی! پاکستان انڈر 19 یو اے ای کو شکست دیکر سیمی فائنل میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے اہم میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 70 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ میچ آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلا گیا۔

احمد حسین کی نصف سنچری اور عبدالسبحان کی چار وکٹوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس نے یو اے ای کو شکست دی۔

پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔

اوپنرز سمیر منہاس اور عثمان خان نے 40 رنز کی شراکت کی، لیکن یو اے ای کے نسیم خان نے جلد دو وکٹیں لے کر پاکستان کو دباؤ میں ڈال دیا۔ احمد حسین نے 91 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے سمیر منہاس (44)، فرحان یوسف (20) اور حذیفہ احسن (23) کے ساتھ اہم شراکتیں کیں۔ آخر میں حمزہ ظہور نے 51 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔

یو اے ای کی طرف سے یگ شرما نے 3 وکٹیں، نسیم خان نے 2، جبکہ محمد بازل آصف، ادیش سوری اور زین اللہ رحمانی نے ایک ایک وکٹ لی۔

جواب میں یو اے ای کو 242 رنز کا ہدف ملا، لیکن ٹیم 37.5 اوورز میں 171 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آیان مصباح نے 74 گیندوں پر 77 رنز (12 چوکے) بنائے، لیکن 24ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پرتھوی مدھو (27) اور محمد ریان (12) نے مزاحمت کی، مگر لگاتار وکٹوں کے گرنے سے ٹیم سنبھل نہ سکی۔

پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 7.5 اوورز میں 31 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں، جبکہ محمد سیام، مومن قمر اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ اب ٹورنامنٹ کے چاروں سیمی فائنلسٹس کا تعین ہو گیا ہے۔ پاکستان، انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش۔ سیمی فائنل میچ اپس کا فیصلہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے گروپ میچ کے بعد ہوگا۔

Related Posts