پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اور جارح مزاج اوپنر حسن نواز نے زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کر دیا، 22 سالہ کرکٹر نے اپنے آبائی ضلع لیّہ میں شادی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق، حسن نواز کی شادی کی تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی،خوشی کے اس موقع پر انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “الحمدللہ! ایک نئی زندگی کا آغاز۔”
تصاویر میں حسن نواز آف وائٹ کڑھائی دار کوٹ اور ہلکے سبز رنگ کے کرتا شلوار میں نہایت خوش نظر آ رہے ہیں، جب کہ ان کی دلہن نے بھی ہلکے سبز رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہے، جو مداحوں کو خوب بھایا۔

یاد رہے کہ حسن نواز نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بمقابلہ نیوزی لینڈ میں سب سے تیز سنچری اسکور کر کے سب کی توجہ حاصل کی تھی۔
اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار فارم میں نظر آئے۔
فائنل میں لاہور قلندرز کے خلاف صرف 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، اور آخر کار 43 گیندوں پر 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
کرکٹ حلقوں اور مداحوں کی جانب سے انہیں ازدواجی زندگی کی شروعات پر ڈھیروں مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ وہ میدان میں بھی بہترین پارٹنر کی طرح کھیلتے ہیں اور اب حقیقی زندگی میں بھی ایک اچھے ہمسفر ثابت ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








