ماحول دوست انقلاب کی شروعات، پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی فیکٹری قائم ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب میں ماحولیاتی بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چین کی معروف کمپنی Skywell New Energy Vehicles Group نے پنجاب حکومت کے ساتھ معاہدہ کر کے صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کا وسیع پیمانے پر اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ معاہدہ چوہدری شافع حسین، وزیر صنعت و تجارت پنجاب اور اسکوائی ویل کے سی ای او مسٹر بیوان ہان کے درمیان طے پایا۔ تقریب کا انعقاد پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کے دفتر میں ہوا، جہاں معاہدے کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

اس منصوبے کے تحت چینی کمپنی پنجاب کے خصوصی اکنامک زون (SEZ) میں 75 ایکڑ زمین پر اپنی فیکٹری قائم کرے گی۔ یہاں الیکٹرک بسیں، کاریں، موٹر سائیکلیں، رکشے اور دیگر ماڈلز تیار کیے جائیں گے۔

سی ای او مسٹر بیوان ہان نے کہا کہ Skywell کا مقصد نہ صرف پاکستانی مارکیٹ کے لیے الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنا ہے بلکہ مستقبل میں ان کی برآمد بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر صنعت چوہدری شافے حسین نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب الیکٹرک وہیکل انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ اور صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیٹری مینو فیکچرنگ اور چارجنگ انفراسٹرکچر سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک مؤثر اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔

یہ معاہدہ نہ صرف پنجاب میں ٹیکنالوجی اور ماحول دوست صنعتوں کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع، مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ اور پاکستان کی ای وی انڈسٹری کو عالمی معیار پر لانے کا بھی مؤثر ذریعہ بنے گا۔

Related Posts