انڈیا میں اپوزیشن جماعتیں کے اتحاد نے عام انتخابات سے چند ہفتے قبل دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مودی کی فاشزم کیخلاف ایکا کرلیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے نئی دہلی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اس الیکشن میں میچ فکسنگ کی کوشش کر رہے ہیں۔
موقر اردو نیوز کے مطابق مودی کے کٹر ناقد دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو عام انتخابات سے ایک ماہ پہلے شراب کے لائسنسز میں مبینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ مودی کی حکومت اور ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سیاسی مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔
راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر بی جے پی یہ میچ فکسنگ کے ذریعے الیکشن جیت جاتی ہے اور آئین میں تبدیلی کرتی ہے، تو یہ ملک کو آگ لگا دے گی۔
کانگریس پارٹی نے 1947 میں آزادی کے بعد سے دو تہائی سے زیادہ وقت تک انڈیا پر حکومت کی لیکن ایک دہائی پہلے اقتدار میں آنے والے مودی کی جیت کے بعد سے وہ دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عام الیکشن نہیں، یہ الیکشن ملک بچانے اور ہمارے آئین کی حفاظت کے لیے ہے۔
دوسری جانب مودی نے اتوار کو اتر پردیش میں اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کے بعد ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے کرپٹ لوگ سلاخوں کے پیچھے ہیں اور سپریم کورٹ بھی انہیں ضمانت نہیں دے رہی ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ اسے حکومت کی طرف سے بڑے ٹیکس مطالبات اور اس کے کچھ بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کی وجہ سے ’ٹیکس دہشت گردی‘ کا سامنا ہے، جس کا مقصد اسے مالی طور پر معذور کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








