ننھے پاکستانی حافظ قرآن نے ایران میں عالمی مقابلہ قرات اپنے نام کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو یوٹیوب

ننھے پاکستانی حافظ قرآن نے ایران میں عالمی مقابلہ حسن قرات اپنے نام کرلیا۔

مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے آٹھویں جماعت کے طالب علم حافظ ابوبکر نے ایران میں منعقدہ اسٹوڈنٹ لیول کے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ملک کا نام روشن کر دیا۔

ایران میں مقابلہ حسن قرات جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر حافظ محمد ابوبکر اور ان کی دلنشین تلاوت کا ہر طرف چرچا ہے۔ لوگ بڑے پیمانے پر ننھے قاری قرآن کی عمدہ تلاوت کو سراہ رہے ہیں اور ان کی تلاوت کے کلپس شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔

حافظ ابوبکر کی تلاوت کا چرچا ہونے کے بعد بہت سے صارفین سوشل میڈیا پر یہ مطالبہ کرتے نظر آ رہے ہیں کہ حافظ محمد ابوکر نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، انہیں بھی سرکاری سطح پر اعزاز سے نوازا جائے اور الیکٹرانک میڈیا اس بچے کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔

واضح رہے کہ حافظ ابوبکر نے ایران کے بعد کربلا عراق میں منعقدہ مقابلہ حسن قرات میں بھی شرکت کی اور اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ انہوں نے گزشتہ سال الجزائر میں ہونے والے عالمی مقابلے میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

حافظ ابوبکر کی طرح رواں سال ایران کے مقابلہ حسن قرات سے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے قاری ایوب عاصف نے بھی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر لوگوں کی توجہ اپنی عمدہ اور منفرد لہجے کی تلاوت سے اپنی طرف مبذول کروائی ہے۔

قاری ایوب عاصف کا تعلق برطانیہ سے ہے، جبکہ ان کے والد پاکستان نژاد اور والدہ مراکشی ہیں۔ قاری ایوب عاصف کلب سطح پر فٹبال کے بھی بڑے اچھے کھلاڑی ہیں۔

Related Posts