ریاض میں ایرانی سفیر کی جانب سے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ایران کیلئے سعودی عرب کے نئے سفیر تہران پہنچ گئے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق سعودی عرب کے سفیر عبداللہ بن سعود العنزی کی تہران میں آمد ہوگئی ہے۔یہ اعلان سعودی عرب میں ایران کے سفیرعلی رضا عنایتی کے الریاض پہنچنے کے چند گھنٹے کے بعد سامنے آیا ہے۔
سعودی عرب اور ایران کے سفیروں کا تبادلہ مارچ میں چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے چند ماہ بعد ہواہے۔
یہ بھی پڑھیں:
مائیکرو سافٹ نے 30 سال بعد ونڈوز سے ’ورڈ پیڈ‘ ختم کرنیکا اعلان کردیا
العربیہ نے اس سے پہلے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ علی رضاعنایتی ایک نئی سفارتی ٹیم کے ہمراہ سعودی دارالحکومت پہنچے ہیں۔وہ ایرانی ناظم الامور کی جگہ لیں گے جو جون میں ایران کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے کے بعد سے اس کا نظم ونسق سنبھال رہے تھے۔
ایرنا کے مطابق علی رضا عنایتی نے الریاض روانگی سے قبل صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔ایرانی صدرنے علاقائی اور سلامتی کے شعبوں میں ایران اور سعودی عرب کی اہمیت پر زور دیا اور تہران اورالریاض کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔
مارچ میں طے پانے والے معاہدے کے تحت الریاض اور تہران نے ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل ہونے والے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔
سعودی عرب نے سنہ 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








