چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں مٹی سے بنے ہوئے کمرے کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ ایک رہائشی گھر میں پیش آیا جہاں اچانک چھت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر تمام جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لیں۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جن کی عمریں 7 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا مکان مرحوم فضل داد کا تھا جہاں اسی روز شادی کی تقریب منعقد ہونا تھی تاہم یہ خوشی کا موقع المناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی چارسدہ میں تیز بارشوں کے باعث ایک مٹی کے گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








