دورہ لاہور کے دوران بدسلوکی پر وزیراعلیٰ کے پی کے نے مریم نواز کو احتجاجی مراسلے بھیج دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

سہیل آفریدی، مریم نواز، فوٹو ڈان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے اپنے دورہ لاہور کے دوران نامناسب رویہ پر احتجاجی مراسلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ارسال کردیا۔

احتجاج مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ جس انداز میں میرے دورہ کے دوران معاملات کو ڈیل کیاگیا وہ کوتاہی نہیں بلکہ جان بوجھ کر یہ سب کیا گیا، جو ہوا وہ انتظامی خامی تھی نہ ہی حادثاتی بلکہ آئینی عہدہ اور بین الصوبائی عزت کو خراب کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مراسلے میں مزید کہا گیا کہ میں نے 40 ملین لوگوں کے نمائندہ کی حیثیت سے لاہور کا دورہ کیا لیکن جو کچھ میرے ساتھ ہوا وہ کسی بھی طور پر ایک عوامی نمائندہ کے شایان شان نہ تھا، مارکیٹیں اور عوامی مقامات کی بندش کرتے ہوئے لاہور کے باسیوں کو تکلیف دی گئی، موٹروے ریسٹ ایریا تک بند رکھا گیا۔

مراسلے میں مزید لکھا گیا کہ میرے دورہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور اسے منشیات اسمگلنگ تک سے جوڑا گیا اور یہ سب پنجاب حکومت کی زیر نگرانی ہوا۔ ایسے رویے اور انداز سے میری شخصیت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی جسے کسی بھی طور نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، انتظامی طور پر ایسے حربے استعمال کیے گئے جن کا مقصد تضحیک کرنا تھا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ایسے طورطریقوں کے ذریعے ریاست کے یونٹس کے درمیان ہم آہنگی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ میں اس مراسلے کے ذریعے اس انداز اور طورطریقوں پر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے توقع رکھتا ہوں کہ ان کا ازالہ کرتے ہوئے مستقبل میں ان سے اجتناب برتا جائے گا۔
اس خط کو باقاعدہ طور پر احتجاجی مراسلہ تصور کرتے ہوئے مستقبل میں کسی بھی قسم کی آئینی، قانونی اور بین الصوبائی کارروائی کے لیے ریکارڈ پر رکھا جائے۔

Related Posts