جاپان میں ایک نوجوان 83 سالہ خاتون کی محبت میں گرفتار ہوگیا اور حیران کن طور پر دونوں کے خاندان بھی ان کے حامی بن گئے ہیں۔
یہ منفرد جوڑا گلی میں ایک انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے۔ اس انٹرویو میں 23 سالہ کوفو نے 83 سالہ آئیکو کے ہاتھوں کو تھامے ہوئے تھا۔ خاتون دیکھنے میں بھی اپنی عمر سے کافی کم عمر لگتی ہیں۔
آئیکو نے انکشاف کیا کہ اگلے سال فروری میں ان کی محبت کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ باغبانی کی ماہر ہیں اور ان کا اپنا ایک بہت بڑا نباتاتی باغ ہے۔ وہ اس سے قبل 2 بار شادی کرچکی ہیں جبکہ ان کا ایک بیٹا، بیٹی اور 5 پوتے پوتیاں ہیں۔
ان کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہوئی جس کے بعد وہ اپنے بیٹے کے خاندان کے ساتھ رہنے لگی تھیں۔ وہ صحت کے لیے بہترین طرز زندگی گزارتی ہیں، ملبوسات کا انتخاب احتیاط سے کرتی ہیں اور اسی وجہ سے اب بھی کافی کم عمر نظر آتی ہیں۔
کوفو یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے والا ہے اور ایک کمپنی میں انٹرن کے طور پر کام کر رہا ہے۔ کوفو کے مطابق وہ اور آئیکو کی پوتی ایک ہی کلاس میں پڑھتے ہیں۔ اس نے مزید بتایا کہ ایک دفعہ وہ اس ہم جماعت لڑکی سے ملنے گھر گیا تو پہلی نظر میں آئیکو کی محبت میں گرفتار ہوگیا۔
آئیکو کو بھی ایسا ہی محسوس ہوا اور ان کے مطابق ‘کوفو بہت نرم دل ہے، میں کبھی ایسے زندہ دل نوجوان سے نہیں ملی، جس کی وجہ سے میں اس کی جانب کشش محسوس کرنے لگی’۔
مگر ابتدا میں عمر کے بہت زیادہ فرق کے باعث دونوں کو اپنے جذبات کے اظہار میں ہچکچاہٹ محسوس ہوئی۔ پھر آئیکو کی پوتی نے ڈزنی لینڈ کے ایک دورے کی منصوبہ بندی کی تو سب کچھ بدل گیا۔
کوفو نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار آئیکو کے ساتھ کیا اور خاتون نے اسے قبول بھی کرلیا۔ اب وہ دونوں اکٹھے رہتے ہیں کیونکہ دونوں کا خاندان بھی ان کو سپورٹ کر رہا ہے، البتہ وہ کب تک شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، اس بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








