پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ اور جیولن تھرو کے چیمپئن ارشد ندیم کو جاپان کا ویزا جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد وہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
یہ ایونٹ رواں سال جاپان میں منعقد ہو گا جس میں دنیا بھر کے بہترین کھلاڑی حصہ لیں گے۔
ارشد ندیم اپنے ساتھی ایتھلیٹ سلمان اقبال بٹ کے ہمراہ 9 ستمبر 2025 کو جاپان روانہ ہوں گے۔ جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا انعقاد 17 ستمبر کو ہوگا جبکہ فائنل مقابلہ 18 ستمبر 2025 کو طے ہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے رواں سال مئی میں جنوبی کوریا کے شہر گومی میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86اعشاریہ 40 میٹر تھرو کر کے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
اس کارکردگی نے نہ صرف انہیں چیمپئن بنایا بلکہ ایشیائی سطح پر ایک یادگار فتح بھی دلائی۔
اسی مقابلے میں بھارت کے سچن یادو نے 85اعشاریہ 16 میٹر کے تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا جبکہ جاپان کے یوٹا ساکیاما نے 83اعشاریہ 75 میٹر تھرو کر کے برانز میڈل حاصل کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ذاتی بہترین کارکردگی بھی اسی ایونٹ میں پیش کی۔ سری لنکا کے رومیش تھرانگا پاتھیرگے اگرچہ ابتدائی راؤنڈز میں سبقت لے گئے تھے، مگر آخر میں وہ 83اعشاریہ 27 میٹر کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے۔
پاکستانی شائقین کھیلوں کی نظریں اب جاپان میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر مرکوز ہیں جہاں توقع کی جا رہی ہے کہ ارشد ندیم اپنی پچھلی کامیابیوں کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر عالمی اسٹیج پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








