ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں کونسل کے صوبائی ذمہ داران کا اجلاس ہوا، جس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ سویڈن کے سفیر کو نکالا جائے، اپنے سفیر کو سویڈن سے واپس بلوایا جائے اور حکومت کی سطح پر سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔
عالم اسلام کے حکمرانوں و او آئی سی پر زور دیا گیا کہ یورپ اور مغرب میں تواتر کے ساتھ قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبی کریم کی شان اقدس میں گستاخی کے ہونے والے واقعات کی روک تھام کے لیے جرات مندانہ طریقے سے سفارتی اور عالمی سطح پر آواز اُٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں:
عورت غیر مرد کے مادہ منویہ سے بچہ پیدا کرے تو کیا ایسا کرنا جائز ہے؟
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ میں بین الاقوامی قانون سازی کی جائے اور شعائر اسلام، قرآن پاک اور شان ِ رسالت میں گستاخی کو جرم قرار دیا جائے۔ سویڈن کے ملعون شخص سمیت ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کی جانب سے سویڈن کے واقعے پر احتجاج اور مذمت کرنے پر ان ممالک کے سربراہان کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
کونسل کے اجلاس میں محرم الحرام میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی پیدا کرنے اور کسی بھی مسلک کے حوالے سے جذبات کو مجروح کرنے سے اجتناب برتنے پر زور دیا گیا اور حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔ اجلاس میں سودی معیشت اور بینکاری نظام کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے گورنر کے حالیہ بیان کی بھی شدید مذمت کی گئی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سودی معاشی نظام کے خاتمے کے لیے دی گئی 5 سال کی مدت کے حوالے سے فوری طور پر روڈ میپ بنایا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے اسکولوں میں موسیقی کی تعلیم کے لیے اساتذہ کی بھرتی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے اس فیصلے سے باز رہے۔
عہدیداران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توہین قرآن نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کو نشانہ بنانا ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے، کوئی قانون اجازت نہیں دے سکتا کہ شعائر اسلام، ہماری مقدس کتاب قرآن کریم اور نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کی جائے۔
اجلاس میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سکریٹری قاضی احمد نورانی، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر مولانا سید اسد اقبال زیدی، جماعت غرباء اہلحدیث کے حشمت اللہ صدیقی، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کے جنرل سیکریٹری علامہ رضی حیدر زیدی، نائب امراء جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، مسلم پرویز،جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبد الوحید، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے ممتاز رضا سیال، جماعت اہلحدیث کے جنرل سیکریٹری قاری محمد حسین، امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے محمد اعجاز مصطفیٰ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے انوار الحسن، پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ محمد امجد اسلام، جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات عمران احمد سلفی، جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








