کراچی:ملک میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 322 ہو گئی، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14788تک جا پہنچی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق منگل کو ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 447 کیسز سامنے آئے ہیں اور 13 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 90 کیسز سامنے آئے اور 4 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5730 اور ہلاکتیں 95 ہوگئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1380 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آگئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی۔نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 اور ہلاکتیں 4 ہوگئی ہیں۔
بلوچستان میں کورونا سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کی مطابق صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں پیر کو کورونا کے مزید 72 مریض سامنے آئے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 915 ہوگئی۔