لاہور ہائیکورٹ کا پرانا فیصلہ سندھ حکومت کے گلے پڑ سکتا ہے! کراچی کے شہری کا کراچی ای چالان سسٹم کے خلاف بڑا قدم

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے اے آئی (Artificial Intelligence) سے چلنے والے ای چالان سسٹم کے خلاف ایک شہری نے متعلقہ حکام کو قانونی نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں سسٹم کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ نوٹس ایڈووکیٹ جہانگیر شمس نے اپنے موکل میر محسیب تالپور کی جانب سے سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے ڈی جی اور وفاقی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات کو بھیجا۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ای چالان سسٹم فی الحال غیر عملی ہے کیونکہ کراچی میں سڑکوں کی حالت ابتر ہے جگہ جگہ تجاوزات موجود ہیں ٹریفک سگنلز خراب ہیں اور سڑکوں پر لائن مارکنگ بھی ختم ہو چکی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ قانون کا مقصد شہری نظم و ضبط بہتر بنانا ہے لیکن ایسا قانون نافذ نہیں کیا جانا چاہیے جس کے لیے حالات موزوں نہ ہوں۔

درخواست گزار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک شہر کا انفراسٹرکچر، سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک سگنلز بحال نہیں کیے جاتے تب تک ای چالان سسٹم اور کیمروں کی نگرانی کا عمل معطل کیا جائے۔

واضح رہے کہ یہ ای چالان سسٹم اکتوبر 2025 کے آخر میں فعال کیا گیا تھا جس کے بعد شہریوں نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیا۔ کئی صارفین نے نعرہ بلند کیا پہلے سڑکیں بناؤ، پھر چالان کرو۔

عوامی تنقید کے باوجود،حکومت نے ای چالان کا عمل جاری رکھا اور پہلے ہی 6 گھنٹوں میں 1 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کے چالان جاری کیے گئے۔

شہریوں کی شکایات کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اعلان کیا کہ ایک شکایتی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جس میں پولیس افسران کے ساتھ سی پی ایل سی (CPLC) کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جن شہریوں کو غلط چالان موصول ہوئے ہیں وہ ٹریفک فیسلیٹیشن سینٹرز میں جا کر اپیل کر سکتے ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر یہ مقدمہ عدالت گیا تو لاہور ہائی کورٹ کے ایک سابقہ فیصلے کی بنیاد پر کراچی میں بھی ای چالان سسٹم کو عارضی طور پر روکا جا سکتا ہے جیسا کہ پنجاب میں ایک مشابہ کیس میں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ 2022 میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ای ٹکٹنگ چالان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا تھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ حکومت نے بغیر کسی ہوم ورک اور قانونی کارروائی کے ایک سسٹم رائج کیا۔

Related Posts