مہنگائی سے پریشان عوام بجلی کے بھاری بلز کی وجہ سے پہلے ہی پریشان تھے مگر اب ایک اور چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے جس نے شہریوں کو مزید حیران اور پریشان کر دیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف تین سال کے دوران بجلی صارفین سے مجموعی طور پر ایک ہزار 906 ارب روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال ہی صارفین سے 700 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس وصولی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے سال 2022-23 میں 507 ارب روپے جبکہ 2023-24 میں 698 ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع کیے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے تین سال میں 232 ارب روپے ٹیکس وصول کیا جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی وصولی 532 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔
اسی طرح گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 240 ارب روپے اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 307 ارب روپے ٹیکس وصول کیا۔ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی کی وصولی 323 ارب روپے رہی جبکہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 151 ارب روپے اکٹھے کیے۔ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 57 ارب 58 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا۔
مزید اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 24 ارب 28 کروڑ روپے، قبائلی علاقوں کی الیکٹرک کمپنی نے ایک ارب 55 کروڑ روپے جبکہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 34 ارب 46 کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








