کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس میں خیابان اتحاد پر پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور سے متعلق سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حادثے میں ملوث نوجوان اصغر علی بھنگوار کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار کا بھتیجا ہے۔
یوٹیوبر صدیق جان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گاڑی پر سرکاری یا اعلیٰ عدلیہ کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی جبکہ پولیس نے ملزم کو وی آئی پی پروٹوکول کے تحت اسپتال منتقل کیا۔ صدیق جان کے اس دعوے نے تیزی سے وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصہ کا باعث بن گیا۔
ڈی ایچ اے کراچی میں فوڈ پانڈا رائیڈر کو کچلنے والا اصغر علی کراچی کے سوشل میڈیا اسٹار اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بھنگوار کا بھتیجا نکلا ، گاڑی پہ سرکاری و عدلیہ کی نمبر پلیٹس لگی تھیں سوشل میڈیا اسٹار اور اشرافیہ کے نمائندے ہاظم بھنگوار کا عزیز ہونے کیوجہ سے اصغر علی کی شناخت ساحل تھانے pic.twitter.com/pc8QSysNA4
— Siddique Jan (@SdqJaanSMT) February 23, 2026
دوسری جانب یوٹیوبر صدیق جان کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے ویڈیو بیان جاری کرکے اس پورے معاملے کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
ڈی ایچ اے میں رائیڈر کو کچلنے والے علی اصغر بھنگوار سے میرا کوئی تعلق نہیں میرے بہن بھائی شادی شدہ نہیں ہیں میڈیا کی خبریں غلط ہیں
حاظم بھنگوار اسسٹنٹ کمشنر pic.twitter.com/FrFKWtIMFO— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) February 23, 2026
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بہن بھائی اب تک غیر شادی شدہ ہیں اور ان کا اس حادثے ملزم یا گاڑی سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے اپنے نام کو اس سانحے سے جوڑنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ یہ حادثہ 23 فروری 2026 کی رات دیر گئے خیابان اتحاد کے قریب صبا سگنل پر پیش آیا۔ ریس لگاتی تیز رفتار کار الٹ گئی اور مخالف سمت میں کھڑے 32 سالہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈر فرحان سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے بعد رائیڈر کو شدید زخمی حالت میں پہلے ساؤتھ سٹی اسپتال اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے ذمہ دار دو نوجوانوں نے موقع پر مدد کا بہانہ بنا کر زخمی کو اسپتال پہنچانے کے بجائے فرار ہو گئے۔ گاڑی اصغر علی بھنگوار کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور پولیس ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








