آن لائن کمائی کے حوالے سے لاکھوں افراد کو یوٹیوب، فائیور اور دیگر پلیٹ فارمز پر رہنمائی فراہم کرنے والے معروف پاکستانی یوٹیوبر کاشف مجید نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا یوٹیوب چینل حال ہی میں ڈی مونیٹائز کر دیا گیا تھا۔
18 ستمبر کو جاری ایک ویڈیو میں انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ یوٹیوب کی جانب سے چینل کی مونیٹائزیشن ختم کرنا ان کے لیے ایک جھٹکے سے کم نہ تھا اور یہ کیفیت کچھ ایسی ہی تھی جیسے کوئی شخص سات سال کی ملازمت کے بعد اچانک برطرف کر دیا جائے۔
کاشف مجید نے کہا کہ جب انہیں اچانک اپنی آمدن میں صفر کی سطح پر کمی نظر آئی تو انہوں نے ای میل چیک کی جہاں یوٹیوب کی طرف سے گمراہ کن مواد کے الزام میں چینل ڈی مونیٹائز کرنے کا پیغام موجود تھا۔
تھمب نیل میں مبالغہ، ویڈیو میں حقیقت کاشف کا اعتراف
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز کے اندر مواد ہمیشہ سچ پر مبنی ہوتا تھا مگر تھمب نیلز میں انہوں نے بعض اوقات زیادہ کمائی کے وعدے (مثلاً روزانہ اتنی آمدن) درج کیے جو بعض ویڈیوز کے مواد سے میل نہیں کھاتے تھے۔ اس چیز کو یوٹیوب نے گمراہ کن سمجھا۔
کاشف نے تسلیم کیا کہ یہ ان کی غلطی تھی اور وہ اسے اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ ویورز کو حقیقت پر مبنی معلومات دی جائیں۔ اسی جذبے کے تحت انہوں نے 400 سے زائد ویڈیوز میں سے 150 ویڈیوز کو یا تو پرائیویٹ کیا یا حذف کر دیا۔ یوٹیوب کی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے اور دوبارہ اپلائی کرنے کے بعد ان کا چینل دوبارہ مونیٹائز کر دیا گیا ہے۔
کاشف کی یوٹیوبرز کو نصیحت
کاشف مجید نے دیگر مواد تخلیق کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی آمدن کے لیے صرف یوٹیوب پر انحصار نہ کریں بلکہ تین سے چار متبادل ذرائع آمدن ضرور رکھیں۔ انکے مطابق انہوں نے بھی یہی حکمتِ عملی اپنائی جس کی وجہ سے ڈی مونیٹائزیشن کے باوجود انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








