عراق میں سیاسی بحران سنگین ہوگیا، اقوام متحدہ کی اظہار تشویش

تازہ ترین

تازہ ترین

عراق میں سیاسی بحران سنگین ہوگیا، اقوام متحدہ کی اظہار تشویش
عراق میں سیاسی بحران سنگین ہوگیا، اقوام متحدہ کی اظہار تشویش

بغداد: عراق میں جاری سیاسی بحران پر اقوام متحدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے حل کے لیے رہنماں سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عراق میں انتخابات کو 10 ماہ گزر جانے کے باوجود بھی اب تک نئی حکومت تشکیل نہیں پاسکی۔ شیعہ رہنما مقتدی الصدر کے گروپ نے پچھلے سال ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جو اب چھ روز سے پارلیمان میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

مقتدی الصدر کا گروپ وزارت عظمی کے لیے نامزد کے گئی شخصیت کی مخالفت کررہا ہے جن کو ایران کا حمایت یافتہ بتایا جارہا ہے۔ایسی صورت حال میں یو این اسسٹنس مشن فار عراق نے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر متحرک ہوں اور کسی حل پر اتفاق کرلیں۔

یو این اسسٹنس مشن فار عراق نے کہا کہ تمام جماعتوں کے درمیان بامعنی مذاکرات کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی کیونکہ حالیہ واقعات کی وجہ سے سیاسی کشیدگی مزید خرابی کی طرف جانے کا اندیشہ ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ عراق کو بے بہا اندرونی مسائل کا سامنا ہے جبکہ یہاں فوری معاشی اصلاحات کے ساتھ وفاقی بجٹ کی بھی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ مقتدی الصدر کی جانب سے پارلیمان کو تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کے حامیوں نے پارلیمنٹ پر قبضہ کررکھا ہے۔

عراق کے آئین کے مطابق پارلیمنٹ کو صرف اکثریتی ووٹوں کے ذریعے ہی تحلیل کیا جاسکتا ہے یا پھر وزیر اعظم صدر سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کرسکتے ہیں۔

Related Posts