عامر لیاقت کے انتقال کی ممکنہ وجوہات سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی تمام درخواستیں مسترد کردیں
عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی تمام درخواستیں مسترد کردیں

کراچی: رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے انتقال کی ممکنہ وجوہات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق رکنِ قومی اسمبلی و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے ملازم نے اُن کی طبیعت خراب ہونے پر 15 اور ریسکیو کو اطلاع دی تھی، جس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر ڈاکٹرز نے اُن کی موت کی تصدیق کردی۔

ایس ایس پی ایسٹ نے عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ اُن کی موت کی وجہ جاننے کیلئے اُن کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا، اس کے بعد جب رپورٹ آئے گی تو ہی معلوم ہوگا کہ موت کیسے ہوئی، تفتیش کی غرض سے پولیس نے گھر کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیڈ باڈی کا پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے انہیں سول اسپتال یا جناح اسپتال منتقل کیا جائے گا اور پھر ان کی میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔

ٹی وی میزبان عامر لیاقت کے ملازم نے بتایا کہ اُن کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوئی تھی، ان کےدل میں تکلیف ہورہی تھی، انہیں اسپتال جانے کا کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے عامر لیاقت حسین کو ان کے گھر خداداد کالونی سے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ عامر لیاقت کے ڈرائیور نے پولیس کو طبیعت خرابی کی اطلاع دی، بتایا گیا کہ ان کے کمرے سے گزشتہ روز چیخنے کی آوازیں بھی آئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رات سے عامر لیاقت کے گھر کی بجلی غائب تھی، جس کی وجہ سے جنریٹر چل رہا تھا، جو کہ عامر لیاقت کے کمرے کے برابر میں تھا یہی وجہ ہے کہ اُن کے کمرے میں دھواں بھر گیا جس سے اُن کی موت واقع ہوگئی۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ افسوسناک خبر آئی ہے رکن اسمبلی عامرلیاقت کا انتقال ہوگیا ہے، ایوان کی کاروائی فوری روکنی چاہیے۔

عامر لیاقت کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کااجلاس کل شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عامرلیاقت حسین 5 جولائی 1971 کو پیدا ہوئے، عامر لیاقت 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔

عامرلیاقت حسین مشرف کے دور میں وزیرِ مذہبی امور بھی رہے، 2018 میں وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

Related Posts