کراچی: ہڑتال ہر حال میں ہوگی، مولانا ڈاکٹر عادل فاروقی کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے مولانا عادل فاروقی کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیلات بتا کر ہڑتال موخر کرنے کی درخواست کی جسے علماء کمیٹی نے مسترد کردیا۔
جس پراے آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ ہڑتال کی کال دینا آپ کا آئینی حق ہے ہم آپ پر زبردستی زور نہیں دے سکتے، ذرائع کے مطابق جمعرات کو علما ء کمیٹی سے ملاقات کے لیے آیڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن جامع مسجد فاروق اعظم مسجد آئے تھے اور انہوں نے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق علماء کمیٹی نے کہا کہ آپ لوگوں نے اب تک گستاخ صحابہ کو بھی گرفتار نہیں کیا جس کے باعث عوام اہلسنت میں شدید اشتعال ہے۔
ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ ہم نے ایک شخص کو گستاخی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے باقی کی تلاش جاری ہے اور جلد ان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ جس پر علماء کمیٹی نے واضح طور پر کہا کہ ہمارا احتجاج گرفتاریاں مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔ اور جمعہ کی ہڑتال ہر صورت میں ہوگی۔