پاکستان کا یومِ آزادی 14 اگست 2025 کو قریب آ رہا ہے اور ملک بھر کے گاڑیوں کے مالکان اپنے وطن سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے اپنی گاڑیوں کو دلکش اور پرجوش انداز میں سجانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سال یہ رجحان نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہے۔
بڑے شہروں جیسے کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کو پاکستانی پرچم کے رنگوں، سبز و سفید غباروں، ربنوں اور پرچموں سے سجا رہے ہیں۔ کچھ پرجوش شہری اپنی گاڑیوں پر مکمل پاکستانی پرچم کی پینٹنگ کروا رہے ہیں تاکہ اپنی محبتِ وطن کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک گاڑی کے مالک علی رضا نے کہاکہ یومِ آزادی پر اپنی گاڑی سجانا مجھے بہت پسند ہے۔ یہ میری وطن سے محبت اور عزت ظاہر کرنے کا ایک منفرد طریقہ ہے۔ اس سال میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنی گاڑی پر پاکستانی پرچم کی مکمل پینٹنگ کرواؤں گا۔”
ایک اور گاڑی کے مالک راحیل نے بتایاکہ اپنی گاڑی کو پاکستانی پرچم سے سجانا میری محبتِ وطن کا عکاس ہے۔ یہ ہمارے ملک کی آزادی کا جشن منانے کا ایک شاندار طریقہ ہے۔
دوسری جانب گاڑیوں کی سجاوٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی اس موسم میں خوب مصروف ہیں۔ راولپنڈی کے شمس آباد سے تعلق رکھنے والے قاضی سہیل جو گاڑیوں کی سجاوٹ کا کاروبار کرتے ہیں نے بتایا کہ ان کے پاس وطن پرستی کے رنگوں سے بھرپور سجاوٹ کے لیے آرڈرز کی بھرمار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم رات دن کام کر رہے ہیں تاکہ ہر گاڑی کا مالک یومِ آزادی پر اپنی وطن سے محبت کا مظاہرہ کر سکے۔
قاضی سہیل نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی سجاوٹ کا یہ رجحان اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا۔ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں بھی لوگ اپنی گاڑیوں کو وطن پرستی کے جذبے سے سجا رہے ہیں۔ چاہے وہ ایک سادہ پرچم ہو یا پینٹ کا شاندار کام ہر گاڑی کا مالک اس تہوار کے جوش و خروش میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔
یہ رجحان نہ صرف پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ یومِ آزادی کا جشن ہر دل میں بستا ہے۔ گاڑیوں کی یہ رنگ برنگی سجاوٹ اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستانی اپنی آزادی کی قدر کرتے ہیں اور اسے منفرد انداز میں منانے کے لیے پرعزم ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








