ایمریٹس ایئرلائن نے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام پروازوں میں پاور بینک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ نئے قوانین کا اطلاق رواں سال یکم اکتوبر 2025 سے ہوگا۔
ایمریٹس کے مطابق یکم اکتوبر سے قبل مسافروں کو چند مخصوص شرائط کے ساتھ پاور بینک ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ ان شرائط میں شامل ہے کہ پاور بینک کی گنجائش 100 واٹ آورز سے کم ہو، اسے دورانِ پرواز ڈیوائسز چارج کرنے کے لیے استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی جہاز کے پاور سورس سے پاور بینک کو چارج کیا جائے۔
ایمریٹس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ نئے ضوابط پر عمل کریں اور پرواز سے قبل متعلقہ ہدایات کو غور سے پڑھیں۔ یہ اقدام نہ صرف ایمریٹس کی پروازوں کو محفوظ بنائے گا بلکہ ایوی ایشن انڈسٹری کے معیار کو بھی بلند کرے گا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں پاور بینک کے استعمال میں اضافے کے باعث ایوی ایشن انڈسٹری میں لیتھیم بیٹریوں سے منسلک حادثات کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاور بینک میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن یا لیتھیم پولیمر بیٹریاں، جو الیکٹرولائٹ محلول میں لیتھیم آئن پر مشتمل ہوتی ہیں زیادہ چارج ہونے یا خرابی کی صورت میں خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایسی بیٹریوں میں تھرمل رن وے کا خطرہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں بیٹری کے اندر حرارت بے قابو ہو کر آگ، دھماکے، یا زہریلی گیسوں کے اخراج کا سبب بن سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








