بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع کوپل کے علاقے گنگاوتھی میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوتھ ونگ کے صدر وینکٹیش کروبارا کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ ان کی عمر 31 سال تھی۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ رات گئے 2 بجے پیش آیا جب وینکٹیش ایک ڈنر پارٹی سے واپس جا رہے تھے۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ دیوی کیمپ میں موجود تھے اور واپسی پر لیلاوتھی اسپتال کے قریب ان پر جان لیوا حملہ ہوا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور ایک کار میں سوار تھے۔ انہوں نے پہلے وینکٹیش کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری اور پھر نیچے گرا کر چاقو سے متعدد وار کیے اور موقع سے فرار ہو گئے۔
وینکٹیش کے ساتھیوں نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 7 سے 8 افراد تھی جنہوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے وہ کار بھی برآمد کر لی ہے جس میں حملہ آور موقع پر آئے تھے۔ یہ گاڑی گنگاوتھی کے ایچ آر ایس کالونی سے ملی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ وینکٹیش کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کا شبہ ہے کہ واقعے میں ایک مقامی شخص روی ملوث ہو سکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وینکٹیش اور روی کے درمیان گزشتہ سات سے آٹھ سال سے سیاسی اختلافات اور قیادت کے تنازعات جاری تھے جن کی بنیاد پر اکثر جھگڑے بھی ہوتے رہے ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








