صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملاقات کی ہے، جس کے دوران صدر نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک میں معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت مدینہ میں منہدم ہونے والے دو پاکستان ہاؤسز کی رقم سے پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی لائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
سماعت سے محروم شامی بچی کی پہلی بار اذان سننے کی جذباتی ویڈیو وائرل
صدر سے ملاقات میں سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کیلئے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔
صدر مملکت نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








