آسمان گرج اٹھے گا، ہوائیں بھی ہونگی بے قابو! کراچی سمیت کئی شہروں میں بارش کی نوید

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی سمیت ملک بھر میں موسم کی تبدیلی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کا یہ رخ فصلوں، کمزور عمارتوں اور ٹریفک کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

سندھ میں کہاں بارش متوقع؟

کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور عمر کوٹ سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کی صورتحال؛

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر کا حال

خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، دیر، چترال اور ڈی آئی خان میں بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور وادی نیلم میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں صورتحال

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مری، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں آندھی کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ کم ہو سکتی ہے، سڑکیں پھسلن کا شکار ہو جائیں گی اور ژالہ باری سے فصلوں اور نازک تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ محفوظ مقامات پر رہیں اور بچوں کو کھلے آسمان تلے نہ جانے دیں۔

Related Posts