چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت نمایاں طور پر بدل چکی ہے، جدید ٹیکنالوجی کا مستقبل کی جنگی حکمتِ عملی میں مرکزی کردار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے جدت، مقامی یاری اور مطابقت پر توجہ دے رہی ہیں۔ دورے کے موقعے پر فیلڈ مارشل نے ای اسکلز لرننگ حب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا افتتاح بھی کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کو بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقعے پر ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں فیلڈ مشق اسٹیڈ فاسٹ ریزولو کا معائنہ کیا جس میں ڈرونز، الیکٹرانک وار فیئر اور جدید کمانڈ سسٹمز کا عملی مظآہرہ شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر جدید پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور معاون جنگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بہاولپور گیریژن پہنچنے پر آرمی چیف نے یادگارِشہدا پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی اور شہداء کی بلندئ درجات کیلئے دعا بھی کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








