پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے رمضان المبارک کی 25 ویں شب کو گرینڈ سحری کا اہتمام کیا جائےگا۔ اس موقع پر پانچ لاکھ افراد کیلئے شہر کے درجنوں مقامات پر اوپن گرینڈ سحری کچن لگائے جائیں گے۔
مرکزی مسلم لیگ کے اعلامیہ کے مطابق اس دعوت عام میں عوام کے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اپیل کی ہے کہ شہری فیملیوں کے ہمراہ دسترخوان پر سحری کےلیے تشریف لائیں۔ گھرکی خواتین و بچوں کےلیےسحری پارسل کا انتظام بھی کیاجائے گا۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو مہنگائی کی لہر ہے اس سے نہ صرف غریب آدمی بلکہ مڈل کلاس طبقہ بھی پریشان ہے۔ سفید پوش گھرانوں، ہاسٹل میں رہنے والے طلبا، نوکری پیشہ افراد اور محنت مزدوری کے سلسلہ میں کراچی میں مقیم افراد کیلئے سحری بنانا یا باہر سے کھانا خاصہ مشکل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے کراچی میں رمضان کے پہلے دن سے سحر و افطار کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ ہمارے کارکنان علاقوں کا سروے کرکے ہزاروں مستحق افراد و گھرانوں تک پورا مہینہ گھر کی دہلیز پر سحری پہنچا رہے ہیں۔ تاہم اب ہم نے گرینڈ سحر کے موقع پر 5 لاکھ افراد تک سحری پہنچانے کا عزم کیا ہے۔
احمدندیم اعوان نے اس دعوت عام کےموقع پر کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ فیملیوں کے ہمراہ رمضان المبارک کی 25 ویں شب کی سحری ہمارے دستر خوان پر کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








