کراچی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں شہریوں کی سہولت کے لیے 11 فیسلیٹیشن سینٹر قائم کردیے ہیں تاکہ وہ حال ہی میں شروع کیے گئے ای ٹکٹنگ (ای چالان) نظام سے متعلق شکایات اور مسائل حل کرا سکیں۔
حکام کے مطابق یہ اقدام عوام کو آسانی فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، خاص طور پر اس کے بعد جب مصنوعی ذہانت پر مبنی “فیس لیس ای چالان سسٹم” کے آغاز کے صرف چھ گھنٹوں کے اندر 2 ہزار 662 ٹریفک چالان جاری کیے گئے جن کی مالیت 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد تھی۔
یہ فیسلیٹیشن سینٹر کراچی کے مختلف اضلاع میں قائم کیے گئے ہیں جن میں گلستانِ جوہر، حب ریور روڈ، ناظم آباد، قائد آباد، کورنگی، صدر، پریڈی، فیروز آباد، شاہراہِ فیصل اور کورنگی انڈسٹریل ایریا شامل ہیں۔ یہ مراکز پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

نظرِ ثانی شدہ ای ٹکٹنگ نظام کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں پر سخت جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ رفتار کی حد سے تجاوز کرنے والے موٹر سائیکل سواروں پر 5 ہزار روپے جرمانہ، کار یا جیپ ڈرائیورز پر 10 ہزار روپے، ہلکی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (LTVs) پر 15 ہزار روپے، جبکہ ڈمپر، ٹرالر یا بسوں پر 20 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مزید برآں زیادہ وزن اٹھانے والی گاڑیوں پر 50 ہزار روپے تک اور غلط سمت میں چلنے والے ہیوی وہیکل ڈرائیورز پر 1 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تیز رفتاری، ہیلمٹ نہ پہننے، سگنل توڑنے، ایک پہیے پر موٹر سائیکل چلانے، سیاہ شیشے لگانے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ جیسے جرائم پر بھی ای چالان جاری کیے جائیں گے، جن کی رقم 5 ہزار سے 50 ہزار روپے تک ہوسکتی ہے، اس کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس پر ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








