نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ مارچ 2026 تک کراچی میں تین نئے میگا سینٹر قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ اعلان نادرا سندھ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی خان نے بدھ کے روز جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نئے میگا سینٹر گلشنِ اقبال، گلبرگ اور سرجانی ٹاؤن میں قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سہولت میسر ہو۔
عامر علی خان کا کہنا تھا کہ نادرا ہمیشہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے اور ان کے مسائل ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اب شہری زیادہ تر خدمات اپنے موبائل فون کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاک آئی ڈی ایپ‘‘ کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے مختلف سہولتوں سے استفادہ کر سکتے ہیں، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ اور نوجوان نادرا کی نئی خدمات کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام نہ صرف شفافیت کو یقینی بناتا ہے بلکہ کرپشن کی روک تھام کے لیے بھی ایک بہترین اور مؤثر ذریعہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








