پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آج سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایک اہم میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ مقابلہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا حصہ ہے اور شائقین کرکٹ اسے نہایت دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت نے اپنے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر کامیاب آغاز کیا۔
آج کے میچ میں بارش کھیل میں خلل ڈال سکتی ہے۔ موسم کی پیش گوئی کے مطابق کولمبو میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جو میچ کے آغاز سے پہلے بھی ہوسکتی ہے اور دورانِ کھیل بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ ایک روز قبل بھی کولمبو میں شدید بارش کی وجہ سے سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان خواتین ٹیم نے آج تک بھارت کے خلاف ون ڈے میچ میں کبھی فتح حاصل نہیں کی۔ دونوں ٹیمیں 11 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں جن میں بھارت کو ہر بار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ بھارت اور سری لنکا میں30 ستمبر سے2 نومبر تک جاری رہے گا اور پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو کے آر. پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
اگر پاکستان سیمی فائنل (29 اکتوبر) اور فائنل (2 نومبر) تک پہنچنے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ دونوں میچز بھی کولمبو ہی میں کھیلے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








