یہ بیٹری 100 سال تک چلے گی! امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کا حیرت انگیز دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این آر ڈی سولڈ اسٹیٹ بیٹری تیار کی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ بغیر مرمت کے ایک صدی سے بھی زیادہ عرصے تک مسلسل کام کر سکتی ہے۔

غیر ملکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ انٹرسٹنگ انجینئرنگ کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی کمپنی جو ایٹمی مواد پر کام کرتی ہے نے ایک نئی سولڈ اسٹیٹ بیٹری تیار کی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ بیٹری کسی بھی قسم کی دیکھ بھال کے بغیر سو سال سے زائد عرصے تک بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بیٹری خاص طور پر ان الیکٹرانک آلات کے لیے تیار کی گئی ہے جو کم توانائی استعمال کرتے ہیں اور ایسی جگہوں پر نصب ہوتے ہیں جہاں بار بار رسائی یا مرمت ممکن نہیں ہوتی۔

کمپنی این آر ڈی کے مطابق اس کی این بی وی سیریز بیٹریاں نکل-63 (Nickel-63) نامی تابکار مواد پر مبنی ہیں۔ یہ مواد اپنے زوال (decay) کے دوران توانائی خارج کرتا ہے جسے ایک خاص بیٹا وولٹائیک ٹیکنالوجی کے ذریعے براہ راست برقی توانائی میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ عام بیٹریوں کے برعکس یہ نظام دہائیوں تک مسلسل اور مستحکم توانائی فراہم کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ چھوٹی بیٹری 5 سے 500 نینو واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو انتہائی کم مقدار ہے اور صرف مخصوص سینسرز، ڈیٹا لاگرز اور مانیٹرنگ آلات کے لیے موزوں ہے، جہاں کم مگر مسلسل توانائی درکار ہوتی ہے۔

کمپنی کے سی ای او شیل الفیرو کا کہنا ہے کہ اہم نظاموں میں اگر بیٹری فیل ہو جائے تو پورا نظام متاثر ہو سکتا ہے، اسی لیے یہ نئی ٹیکنالوجی ان مقامات کے لیے بہترین حل ہے جہاں بار بار بیٹری تبدیل کرنا ممکن نہیں۔

کمپنی کے پاس ایٹمی مواد کے استعمال کا طویل تجربہ موجود ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ بیٹری عام مارکیٹ میں کب تک دستیاب ہوگی۔

Related Posts