کراچی: ”یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے“ویڈیو سے مشہور ہونیوالی لڑکی آخر ہے کون؟اس کی تفصیلات سامنے آگئیں، آج کل کے ماحول میں شہرت پانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، صرف ایک منفرد ویڈیو کے باعث آپ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ سکتے ہیں۔
ایساہی کچھ ہمیں ان دنوں دیکھنے کو ملا، سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک لڑکی کہتی نظر آتی ہے کہ ’یہ ہماری گاڑی ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے‘۔
لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو کو دیکھنے والے صارفین اس پر فدا ہوگئے اور چند ہی گھنٹوں میں ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
دراصل یہ ویڈیو دانا نیر نام کی لڑکی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی۔اس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر اب تک ہزاروں میمز (ویڈیوز)بن چکی ہیں۔
دانانیر ڈیڑھ لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی ایک مشہور انسٹاگرامر ہیں۔ وہ افراد جو انسٹاگرام بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ یقیناً دانانیر کو بھی جانتے ہوں گے۔
دانا نیر کی اس ویڈیو کی نقل کرتے ہوئے اب تک کئی افراد اسے اپنے دوستوں کے ساتھ بنا چکے ہیں جبکہ لہجہ انہوں نے دانانیر کی طرح اپنایا ہے۔
صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں بلکہ شوبز سے جڑے ستاروں نے بھی اس طرح کی ویڈیو بنا کر وائرل کی ہیں۔