سندھ میں ڈینگی نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی، عوام وبا کے رحم و کرم پر، مزید تین اموات

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

سندھ کے محکمۂ صحت نے بتایا ہے کہ صوبے میں ڈینگی سے مزید تین مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جس کے بعد رواں سال اموات کی مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں 50 سالہ مرد اور 80 سالہ خاتون، جبکہ کراچی میں 55 سالہ خاتون دم توڑ گئی ہیں۔

محکمۂ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اسپتالوں میں 180 نئے ڈینگی مریض داخل کیے گئے، جن میں 113 سرکاری اسپتالوں جبکہ 57 نجی اسپتالوں میں لائے گئے۔

اس وقت صوبے کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں 241 مریض زیرِ علاج ہیں۔ کراچی ڈویژن میں 44 مریض سرکاری اسپتالوں میں، 35 حیدرآباد میں، جبکہ 34 دیگر اضلاع سے داخل ہوئے۔

محکمے نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 5,229 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 774 کے نتائج مثبت آئے۔ اسی دوران 191 مریض صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو گئے۔

محکمۂ صحت کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مچھروں کی افزائش گاہوں کو ختم کریں، اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوراً طبی مدد حاصل کریں۔

Related Posts