کراچی میں ٹک ٹاک کے جنون نے نوجوان سیکیورٹی گارڈ کی جان لے لی، 23 سالہ سیکیورٹی گارڈ ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے پستول چلنے سے جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پیش آیا جہاں 23 سالہ سلامت جو سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرتا تھا، ٹک ٹاک کی ویڈیو بنا رہا تھا۔
گلستانِ جوہر میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے سلامت کے پستول سے گولی چل گئی، سلامت کے پستول میں گولی چیمبر میں موجود تھی اور ویڈیو بناتے ہوئے پستول سے فائر ہوا۔
علاقہ پولیس کے مطابق پستول کی گولی سلامت کی پیشانی پر لگی جو سر کے عقب سے باہر نکل گئی جس کے نتیجے میں نوجوان سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
سیکیورٹی گارڈ کی میت جناح ہسپتال میں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے۔ سلامت کا تعلق سندھ کے شہر گھوٹکی سے تھا جو گلستانِ جوہر میں نجی اسکول میں سیکیورٹی گارڈ تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ٹیلی مواصلات اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایپ انتظامیہ کی طرف سے یقین دہانی کے بعد ٹِک ٹِک پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
پی ٹی اے نے گزشتہ ماہ ایک ٹویٹ میں کہا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے فحاشی اور بے حیائی پھیلانے میں ملوث تمام اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی یقین دہانی کے بعد ٹِک ٹاک کو کھولاجارہا ہے۔
مزید پڑھیں: پابندی ختم، پی ٹی اے کا ٹک ٹاک ایپ بحال کرنیکا فیصلہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








