مشہور ٹک ٹاکر ڈولی سعید نے بالآخر اپنی خوبصورتی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے تسلیم کیا کہ آج کے دور میں تو 18 سال کی لڑکیاں بھی بیوٹی ٹریٹمنٹس اور کاسمیٹک سرجریز کروا رہی ہیں اور وہ خود بھی چند ایسے عمل کروا چکی ہیں۔
ڈولی جن کا اصل نام نوشین سعید ہے نے بتایا کہ ان کی والدہ انہیں پیار سے ڈولی کہا کرتی تھیں۔ جب وہ ٹک ٹاک پر آئیں تو دوستوں نے بھی انہیں اسی نام سے پکارنا شروع کر دیا اور یوں وہ اسی نام سے مشہور ہو گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک پر آنے سے پہلے ہی وہ معروف تھیں کیونکہ وہ گزشتہ 16 سال سے بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں اور کئی فیشن شوز کا بھی انعقاد کر چکی ہیں۔
ڈولی کے مطابق انہوں نے بیوٹی انڈسٹری میں کئی نئے لوگوں کو تربیت دی اور کامیابی کی راہ دکھائی، انہوں نے ہنستے ہوئے کہاکہ مجھے تو آپ کنگ میکر بھی کہہ سکتے ہیں۔
وائرل ہونے کے راز پر بات کرتے ہوئے ڈولی نے بتایا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر مسلسل فعال رہتے ہیں ان کا کوئی نہ کوئی مواد ضرور وائرل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے گھر کے کسی فرد کا سوشل میڈیا سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ ان کے ساتھ ویڈیوز یا عوامی تقریبات میں نظر آنا پسند کرتے ہیں۔
خوبصورتی اور پلاسٹک سرجری کے حوالے سے ڈولی نے کہا کہ بیرونِ ملک سفر کرنے والے جانتے ہیں کہ وہاں تو کم عمر لڑکیاں بھی کاسمیٹک پروسیجرز کرواتی ہیں اس لیے اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں وہ اپنی بیوٹی ٹریٹمنٹس کے لیے جاتی ہیں وہاں خواتین اکثر ان جیسا لک پانے کی خواہش ظاہر کرتی ہیں۔
ڈولی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ناک کی سرجری کروائی ہے اور جو لوگ انہیں شروع سے جانتے ہیں وہ اس بات سے واقف ہیں۔ البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے دیگر بیوٹی ٹریٹمنٹس میں چہرے یا جسم سے متعلق مزید سرجریز شامل تھیں یا نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








