دبئی میں آج ایشیا کپ 2025 کا فائنل میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ کرکٹ کے شائقین اس تاریخی موقع پر بے حد پرجوش نظر آرہے ہیں کیونکہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے آ رہی ہیں۔
اب تک کے ایشیا کپ مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے بھارت نے 12 بار فتح حاصل کی جبکہ پاکستان کو 6 بار کامیابی ملی۔ تین مقابلے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ پاکستان نے آخری بار بھارت کو ایشیا کپ 2022 میں متحدہ عرب امارات میں شکست دی تھی۔
ایشیا کپ 2025 کے دوران دونوں ٹیموں کا دو بار آمنا سامنا ہوا پہلے گروپ مرحلے میں اور پھر سپر فور میں اور دونوں مواقع پر بھارت نے فتح حاصل کی۔ آج کے فائنل میں جو بھی ٹیم جیتے گی اس کے لیے یہ ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف کے خلاف پہلی جیت ہو گی۔
کرکٹ کا کھیل یا امیروں کا جنون؟ پاک بھارت فائنل کا ٹکٹ 8 لاکھ روپے تک جا پہنچا
اگر تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو ون ڈے فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کئی یادگار مقابلے ہوئے ہیں۔ 1984 میں شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ایشیا کپ میچ میں بھارت نے 54 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 1995 اور 2000 میں پاکستان نے شاندار انداز میں بھارت کو شکست دی جبکہ 2010، 2012 اور 2018 میں بھارت نے قریبی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔ 2023 میں بھارت نے کولمبو میں سب سے بڑی جیت اپنے نام کی جب اس نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دی۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی بھارت کو پاکستان پر سبقت حاصل رہی ہے۔ 2016، 2022 (گروپ مرحلہ) اور 2025 کے دونوں میچ بھارت نے جیتے جبکہ صرف 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔
آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر پاکستان جیتتا ہے تو یہ بھارت کے خلاف فائنل میں اس کی پہلی کامیابی ہو گی اور اگر بھارت جیتتا ہے تو وہ بھی پہلی بار پاکستان کو ایشیا کپ فائنل میں شکست دے گا۔ شائقین کرکٹ اس سنسنی خیز مقابلے کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








