ٹماٹر بھی سونے کے نقشِ قدم پر، عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگا

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

کراچی میں ٹماٹر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور اب اس نے مرغی کے گوشت کی قیمت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

 کراچی میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 500 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کی موجودہ قیمت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ افغانستان سے ٹماٹر کی درآمد بند ہونے اور پنجاب سے محدود سپلائی کے باعث قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

فی الحال کراچی میں 90 فیصد طلب ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جا رہی ہے، تاہم ان کی ترسیل بھی ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ٹماٹر کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کی ہے، مگر عام مارکیٹوں اور سستے بازاروں کے دکاندار اس نرخ پر فروخت سے انکار کر رہے ہیں۔

دکانداروں کا مؤقف ہے کہ وہ سستے داموں فروخت نہیں کر سکتے کیونکہ مارکیٹ سے انہیں مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر انتظامیہ واقعی سرکاری نرخ پر فروخت چاہتی ہے تو پہلے مارکیٹ میں جا کر قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

Related Posts