اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، ٹماٹر کی قیمت 400 روپے سے 450 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
مقامی اخبار نوائے وقت کے مطابق سندھ کے شہر بدین میں ٹماٹر 400 روپے کلو اور دیہاتوں میں 450 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ضلعے میں ٹماٹر کی فصل بوئی جارہی ہے۔ 2 ماہ بعد مقامی ٹماٹر مارکیٹ میں آجائے گا۔
کاشتکاروں نے کہا کہ دو ماہ بعد مقامی ٹماٹر کی مارکیٹ میں دستیابی کے بعد قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ادھر کوئٹہ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں کوئٹہ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 200 سے بڑھ کر 250 روپے ہوچکی ہے۔
بلوچستان کے ایک اور شہر تربت میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی فی کلو قیمت 400 روپے سے بڑھ گئی۔ سندھ کے شہر جامشورو اور میرپورخاص میں بھی ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب میرپورخاص سبزی منڈی ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ چند روز میں ایران سے ٹماٹر پہنچ جائے گا، اُمید ہے ٹماٹر کے نرخ کم ہوں گے۔پشاور میں بھی ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 80 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد شہر میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 140 سے بڑھ کر 220 روپے تک جا پہنچی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








