پاکستان میں ٹماٹروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ اسلام آباد میں فی کلو ریٹ 380 روپے تک جا پہنچا، جبکہ دیگر شہروں میں بھی نرخ کم نہیں۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں 360 روپے، فیصل آباد میں 350 روپے، لاہور میں 340 روپے، اور گوجرانوالہ و سیالکوٹ میں 320 روپے فی کلو۔ اس اچانک اضافے کی بڑی وجہ حالیہ شدید سیلاب ہیں جنہوں نے زرعی سپلائی چین کو بری طرح متاثر کیا۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی (Sensitive Price Indicator – SPI) میں 2 اکتوبر 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 0.56 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں! تجارتی خسارے کے خوفناک اعداد و شمار سامنے آگئے
ایس پی آئی کا انڈیکس 330.32 پوائنٹس سے بڑھ کر 332.17 پوائنٹس تک جا پہنچا، جو سالانہ بنیاد پر 4.07 فیصد زیادہ ہے۔ یہ انڈیکس ملک کے 17 شہروں میں 51 بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا احاطہ کرتا ہے۔
کم آمدنی والے طبقے، جو ماہانہ 17,732 روپے تک کماتے ہیں، ان کے لیے مہنگائی کی شرح 0.82 فیصد بڑھی۔ دیگر آمدنی کے گروپس میں بھی اضافہ ہوا، جو 0.49 فیصد سے 0.76 فیصد تک رہا۔
اس ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں کوئی خاص فرق نہیں آیا۔ سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹروں کی قیمت میں دیکھا گیا، جو 46.44 فیصد بڑھا۔ دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں پٹرول، ڈیزل، لہسن، پیاز اور مٹن شامل ہیں، جبکہ مرغی، کیلے، دالیں اور ایل پی جی جیسی اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








