راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے رانا ثناء اللہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کے پکڑتے آج پکڑلو ہم تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر آج بھی منشیات فروشی کا کیس تھا، ملک تشویش ناک حالت میں جانے دیا جا رہا ہے اور میں آج بھی کہہ رہا ہوں کہ ہمیں الیکشن کی تاریخ چاہیے، عمران خان کو نکالنے کے نتائج مختلف آئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اب بہت بڑا لیڈر بن گیا ہے اور وہ جلد لانگ مارچ کی کال دے گا، یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ گھروں سے پکڑیں گے پھر اگر کل پکڑنا ہے تو آج پکڑیں ہم تیار ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 2 ووٹوں کا فرق ہے اور یہ 2 ووٹ چودھری سالک اور بشیر چیمہ کے ہیں، رانا ثنا اللہ ملک میں تشویشناک صورتحال پیدا کرے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں ہنگامہ آرائی ہوگی اور رانا ثناء اللہ معاملات خراب کرے گا، ہمارے اراکین کو جلد عدالتوں میں پیش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ ہمیں کہہ رہے ہیں گھروں سے نکال کے ماریں گے تو ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں۔