وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نالہ کورنگ میں حالیہ بارشوں کے باعث پانی کی سطح بلند ہونے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان موٹر سائیکل سوار پانی کے ریلے میں بہہ گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نالے پر بنائے گئے پل سے لوگ اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں گزار رہے ہیں، جب کہ سیلابی ریلے میں نوجوان بہہ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق، نوجوان کی تلاش جاری ہے اور نالے کے کنارے واقع کچے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے نالہ کورنگ کے قریب رہنے والوں کو نالے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب، اسلام آباد پولیس کے غوطہ خوروں اور شہزاد ٹاؤن پولیس کی ٹیموں نے سیلابی پانی میں پھنسے 3 بچوں سمیت فیملی کے 6 افراد کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔
نالہ کورنگ میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دو مرد، ایک خاتون اور تین کمسن بچے پھنس گئے تھے۔ ریسکیو 15 پر کال موصول ہوتے ہی پولیس ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
اسلام آباد کے آئی جی سید علی ناصر رضوی نے پولیس ٹیموں کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور انعامات کا اعلان کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








