پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کے تحصیل جتوئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک دکاندار پر الزام ہے کہ اس نے پیسے نہ دینے پر ایک 10 سالہ بچے کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا۔ یہ واقعہ علاقے میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کی شناخت آصف تنویر کے نام سے ہوئی ہے جس نے مبینہ طور پر 50 روپے کے سموسے کھائے لیکن ادائیگی کے لیے اس کے پاس رقم موجود نہیں تھی۔
الزام ہے کہ دکاندار نے اس صورتحال پر مشتعل ہو کر بچے پر تشدد کیا، اسے کپڑے اتارنے پر مجبور کیا اور پھر اسے برہنہ حالت میں بھاگنے پر مجبور کردیا۔ یہ واقعہ علاقے میں بحث کا مرکز بن گیا۔
پولیس ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید غنفر علی شاہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








