پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں پارٹی رہنما شازیہ مری سے تلخ انداز میں پیش آئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ایک وفاقی وزیر نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کیا جائے۔ اس سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ یہ مطالبہ کس وزیر نے کیا ہے۔
اسی دوران شازیہ مری نے مداخلت کرتے ہوئے یاد دلایا کہ یہ مطالبہ کھیل داس کوہستانی کی جانب سے سامنے آیا تھا جس پر بلاول بھٹو زرداری نے سخت لہجے میں کہا کہ آپ سے نہیں پوچھا گیا۔ اس پر شازیہ مری نے وضاحت دینے کی کوشش کی تو بلاول نے انہیں مزید بولنے سے روک دیا۔
بلاول بھٹو کی جانب سے شازیہ مری کی مداخلت پر اظہار برہمی۔
میں اتنا لکھ سکتی ہوں باقی سنیے اور خود اندازہ لگا لیجئے کہ کس کا رویہ کیسا تھا۔ pic.twitter.com/4TfS7UiOGj— Saddia Mazhar|سعدیہ مظہر (@SaddiaMazhar) May 14, 2026
ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے دوران شازیہ مری کے چہرے پر ناپسندیدگی اور شرمندگی کے آثار بھی دیکھے گئے اور انہوں نے بلاول بھٹو سے معذرت کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ماحول کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت لہجہ اختیار کیا اور ان کا یہ انداز کیمروں کی زد میں بھی آ گیا۔
بعد ازاں پارٹی کی جانب سے اس صورتحال کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے معمول کا معاملہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تاہم یہ واقعہ سوشل میڈیا سمیت سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








