کراچی سمیت سندھ بھر میں عام تعطیل، یوم القدس کا ٹریفک پلان بھی جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

ٹریفک پلان
(فوٹو: آن لائن)

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ یوم القدس کے موقعے پر کراچی کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، آج دوپہر 12 بجے سے مختلف سڑکوں پر ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بوٹ بیسن سے جناح برج اور مائی کلاچی آنے جانے والی دونوں سڑکیں بند رہیں گی۔ پی آئی ڈی سی سے جناح برج اور ایم ٹی خان روڈ جانے والے دونوں ٹریک بھی بند رہیں گے، بوٹ بیسن سے مائی کلاچی آنے والے ٹریفک کو یوٹرن دے کر واپس بھیج دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق پی آئی ڈی سی سے جناح برج آنے والے ٹریفک کو کھجور چوک کی طرف موڑا جائے گا، جناح برج سے آنے والے ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف روانہ کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے عوام کو نماز جمعہ کے بعد ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹ کا انتخاب کرنے کی ہدایت کردی۔

اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری گرومندر سے سولجر بازار جاسکتے ہیں، تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری کوریڈورتھری کا راستہ بھی اختیار کر سکتے ہیں۔عید گاہ چوک سے نمائش جانے والے شہریوں کو تبت چوک سے ایمپریس مارکیٹ کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح داؤد پوتا روڈ اور لکی اسٹار سے نمائش آنے والے ٹریفک کو پی پی چورنگی اور ریگل چوک بھیجا جائے گا۔ حکام کا ماننا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی ابتر صورتحال کے باعث بھی عوام کو بلا ضرورت سفر سے اجتناب کرنا چاہئے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے یوم القدس اور متوقع جمعۃ الوداع کے موقع پر آج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔علمائے کرام کے مطابق رمضان المبارک کے آخری جمعۃ المبارک کو جمعۃ الوداع کہا جاتا ہے جس کے بے پناہ دینی فضائل ہیں۔

Related Posts