کراچی میں ایک تنازعے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر سراپا احتجاج وکلاء نے مذاکرات کی کامیابی پر مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں پر ہونے والا بد ترین ٹریفک جام ختم ہونے لگا۔ ٹریفک بحالی شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی رود پر گزشتہ شب سے جاری وکلاء احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک شدید ٹریفک جام رہا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وکلاء احتجاج کے باعث شہر کی متعدد سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وکلاء احتجاج کے باعث شارعِ فیصل سے بلوچ کالونی جانے والا پل اور ڈیفنس موڑ سے کورنگی آنے والی سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ کارساز سے بلوچ کالونی فلائی اوور ٹریک پر بھی ٹریفک بند رہی۔
قیوم آباد چورنگی پر بھی ٹریفک کی روانی مسلسل متاثر رہی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا سے قیوم آباد آنے والے ٹریک پر بھی ٹریفک جام رہا اور جام صادق پل پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں، ٹریفک کی روانی بحال کرنے پر پیشرفت جاری ہے۔
وکلاء احتجاج
پولیس بیان کے مطابق سرکاری ادارے کے اہلکاروں اور وکلاء کا جھگڑا ہوا اور کچھ لوگ زخمی ہوگئے تھے۔ وکلاء نے واقعے کی رپورٹ نہ ہونے پر سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو احتجاج ختم نہیں ہوگا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے بیان کے مطابق وکلاء نے کورنگی روڈ بند کیا اور رات سے شروع ہونے والا احتجاج صبح تک جاری رہا۔ بعد ازاں ڈی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ سرکاری ادارے اور وکلاء کے مابین مذاکرات کامیاب رہے جس کے بعد وکلاء کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ وکلاء کا احتجاج ختم ہونے پر شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی بحالی شروع ہوچکی ہے۔ سڑک پر طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے ٹرک اور کنٹینرز ہٹا دئیے گئے اور متعدد سڑکوں پر ٹریفک کا سلسلہ بحال ہوچکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








