کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں معصوم بچے کے اغوا اور قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے جدید تفتیشی حکمت عملی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ایک گونگے بہرے اغوا کار کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق 24 سےستمبر2025 کو بچے کے اغوا کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 799/2025 کے تحت دفعہ 364/3 کے مطابق درج کیا گیا۔
دورانِ تفتیش 26 نومبر کو ایک نامعلوم بچے کی لاش زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے برآمد ہوئی۔ بعد ازاں لاش کی شناخت مدعی مقدمہ جاوید شاہ نے جناح اسپتال میں کی۔
پولیس کے مطابق بچہ 22 نومبر 2025 کو ڈیفنس فیز ٹو اے مارکیٹ سے لاپتہ ہوا تھا۔
ایس آئی قاسم تنولی اور ان کی تکنیکی ٹیم نے انتھک محنت، جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیے سے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے محمد عادل ولد احمد نامی گونگے بہرے شخص کو گرفتار کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق، گرفتاری کے بعد اشاروں کے ذریعے تفتیش کی گئی، جس میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اے مارکیٹ سے بچوں کو اغوا کار گروہ کے حوالے کرنے میں ملوث تھا۔
پولیس نے بتایا کہ گونگے بہرے ملزم کی نشاندہی پر دیگر اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیفنس پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے یہ اندوہناک کیس تکنیکی ٹیم کی محنت کے باعث حل ہو گیا۔
مزید کہا گیا کہ دیگر ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








