ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ مارگوٹ رابی اور یوفوریا سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار جیکب ایلورڈی کی آنے والی رومانوی فلم وتھرنگ ہائٹس کا پہلا سرکاری ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ایمرالڈ فینل نے کی ہے، جو اس سے قبل سالٹ برن اور پرومسنگ ینگ وومن جیسی فلموں سے ناظرین کو متاثر کر چکی ہیں۔
یہ فلم 1847 کے معروف انگریزی ناول وتھرنگ ہائٹس پر مبنی ہے جسے ایمیلی برونٹے نے تحریر کیا تھا۔ فلم میں مارگوٹ رابی کیتھی اور جیکب ایلورڈی ہیتھ کلف کے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ کہانی محبت، بدلہ اور معاشرتی طبقات کے درمیان تناؤ کو پیش کرتی ہے۔
Drive me mad. “Wuthering Heights” comes to theaters Valentine’s Day. pic.twitter.com/n4UNA1nKmh
— WutheringHeightsMovie (@wuthering_hts) September 3, 2025
دیگر اہم کرداروں میں ہونگ چاؤ نیلی ڈین، ایلیسن اولیور ایزابیلہ لنٹن، اور شہزاد لطیف ایڈگر لنٹن کے طور پر نظر آئیں گے۔ نوجوان کرداروں میں اوون کوپر اور شارلٹ میلنگٹن شامل ہیں جو بالترتیب کم عمر ہیتھ کلف اور کم عمر کیتھی کا کردار نبھائیں گے۔ یہ دونوں فنکاروں کے لیے ان کے کیریئر کی پہلی بڑی فلمی شروعات بھی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب مارگوٹ رابی اور جیکب ایلورڈی کو مرکزی کرداروں کے لیے منتخب کیا گیا، تو ہالی ووڈ اسٹوڈیوز کے درمیان فلم کے حقوق حاصل کرنے کے لیے سخت مقابلہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق نیٹ فلکس نے اس منصوبے کے لیے 150 ملین ڈالر کی پیشکش کی لیکن فلم سازوں نے وارنر برادرز کی 80 ملین ڈالر کی پیشکش کو قبول کیا۔
فلم کی تیاری معروف پروڈکشن ہاؤس ایم آر سی اور مارگوٹ رابی کے پروڈکشن بینر لکی چپ کے اشتراک سے ہو رہی ہے جبکہ اس کی عالمی تقسیم کی ذمہ داری وارنر برادرز پکچرز نے سنبھالی ہے۔
وتھرنگ ہائٹس کو عالمی سینما گھروں میں 13 فروری 2026 کو ریلیز کیا جائے گا جو ویلنٹائن ہفتے کے موقع پر ایک بڑی ریلیز تصور کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








