کراچی میں ایک خواجہ سرا کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی، لوٹ مار اور تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ خواجہ سرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ساتھ 7 افراد نے جنسی زیادتی کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو بیان میں متاثرہ خواجہ سرا کا کہنا ہے کہ وہ ایک فیملی فنکشن میں شرکت کے لیے رئیس امروہوی کالونی گئی تھیں، جہاں سے 25 افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔ ان کے بقول ملزمان انہیں تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود فقیر کالونی میں واقع کپڑے کے ایک گودام میں لے گئے، جہاں مبینہ طور پر انہیں بند کرکے سات ملزمان نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خواجہ سرا نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ اس دوران نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ ویڈیوز بھی بنائی گئیں، سونے کی چین اور نقد رقم بھی چھین لی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس مشکل وقت میں انہیں کسی کی طرف سے بھی مدد نہیں مل رہی، حتیٰ کہ خواجہ سرا برادری بھی ملزمان کا ساتھ دے رہی ہے۔
متاثرہ خواجہ سرا کا کہنا ہے کہ وہ معروف خواجہ سرا ایکٹوسٹ شہزادی رائے سے بھی رابطہ کر رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے حکام سے فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سات ملزمان کو پہچانتی ہیں اور ان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاجاً پریس کلب کے باہر دھرنا دیں گی یا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








