ملک کی مایہ ناز 28سالہ قومی سائیکلسٹ نتالیہ خان گردوں کے مرض سے لڑتے ہوئے طویل جدوجہد کے بعد انتقال کرگئی ہیں، جس پر ملک کی کھلاڑی برادری انتہائی غمزدہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نتالیہ خان طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کے مطابق گردوں کے مرض کے باعث نتالیہ کی سرجری بھی کی گئی تھی، تاہم ان کی حالت بہتر نہ ہو سکی اور مسلسل بگڑتی چلی گئی۔
نتالیہ نے متعدد قومی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی غیر معمولی ایتھلیٹک صلاحیتوں کے باعث وسیع پیمانے پر منفرد شناخت حاصل کی۔ ان کے اچانک انتقال سے اسپورٹس کمیونٹی شدید رنجیدہ ہے۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق نتالیہ خان کی حالت سرجری کے باعث مزید بگڑ گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جواں سال نتالیہ خان کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر لاہور میں ادا کی جائے گی۔قومی مقابلوں میں پنجاب اور ایچ ای سی کی نمائندگی کرنے والی نتالیہ خان روئنگ کی بھی اچھی کھلاڑی تھی۔پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے عہدیداران نے نتالیہ خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق نتالیہ خان کو فوری طور پر گردے کی پیوند کاری کی ضرورت تھی مگر بیماری سے لڑتے ہوئے وہ جان کی بازی ہار گئیں۔ نتالیہ خان اپنی محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کے باعث کھیلوں کی دنیا میں ایک نمایاں نام بن چکی تھیں اور طویل عرصے تک گردوں کے مرض کے باوجود انہوں نے کھیل سے اپنا رشتہ کمزور نہیں ہونے دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








